Es Liye Mujhy Goona Rass
اسی لیے مجھے اک گونہ راس ہے دنیا
جہان عام سہی دل کی خاص ہے دنیا
خود اپنے آپ کو مصروف کر لیا میں نے
یہ دیکھ کر کہ ترے آس پاس ہے دنیا
رسد کے ساتھ طلب اور بڑھتی جاتی ہے
کبھی جو بُجھ نہیں پاتی وہ پیاس ہے دنیا
چھپا ۓ چھپتا نہیں اس کا داغ داغ بدن
اسی لیے تو بہت خوش لباس ہے دنیا
کسی کے ساتھ نہیں اور سب کے ساتھ بھی ہے
ہر ایک دور میں دنیا شناس ہے دنیا
مرا وجود تو دنیائے خواب میں ہے سعود
سو میں تو عکس ہوں اور انعکاس ہے دنیا